امام خمینی کی برسی ، چاہنے والوں اور سوگواروں کا شاندار خراج عقیدت
رہبرکبیرانقلاب اسلامی اوراسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی رحلت جانگداز کی اٹھائیسویں برسی کے پروگرام ان کے حرم مطہر میں شروع ہوگئے ہیں
اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی کی برسی کے پروگرام خود آپ کے گھر کے افراد ، ایران کی اعلی سیاسی اور عسکری شخصیات اور لاکھوں کی تعداد میں آپ کے چاہنے والوں اور عقیدت مندوں کی شرکت سے شروع ہوگئے ہیں -
پروگرام میں خاصی تعداد میں غیرملکی مہمان بھی موجود ہیں - امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی برسی کے پروگرام اس سال ماہ مبارک رمضان سے مصادف ہونے کی بناپر شام کو رکھےگئے ہیں- اس سال بھی روزہ دار عقیدت مندوں کی بہت بڑی تعداد برسی کے پروگرام میں شریک ہے- برسی کے پروگرام اور اجتماع کو کور یج دینے کے لئے تین سو ملکی اور غیر ملکی نامہ نگار موقع پر موجود ہیں - پروگرام میں شریک سوگواروں اور عقیدت مندوں کے اجتماع سے رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای خطاب فرمائیں گے- پروگرام کے بعد وہاں موجود سبھی مہمانوں اور روزہ دار عقیدت مندوں کو حرم کی انتظامی کمیٹی کی جانب سے افطار کرایا جائے گا - امام خمینی کی برسی کے پروگرام منعقد کرنے والی کمیٹی نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ روزہ داروں کی سہولت کے لئے اس سال پروگرام کا وقت شام چھے بجے سے آٹھ بجے تک صرف دوگھنٹے کا ہی ہوگا - پروگرام میں شریک بڑی تعداد میں امام خمینی کے شیدائی انہیں اپنے اپنے مخصوص انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کررہے ہیں0