امریکی صدر کا بیان نفرت انگیز ہے، وزیرخارجہ جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ نے امریکی صدر کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران میں دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کا ردعمل نفرت انگیز رہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعرات کے روز اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر رد عمل نفرت انگیز ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے تہران کے دہشت گردانہ حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایران پر ایک بار پھر دہشت گردی کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا اور دعوی کیا کہ دہشت گردی کی حمایت کرنے والے ممالک اپنے ہی پھیلائے ہوئے شرّ میں پھنس جاتے ہیں۔ایران کے وزیر خارجہ نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ظالم حکمراں جمہوریت کے خلاف ہیں اور اس سے نفرت کرتے ہیں لکھا، کہ ظالم حکمرانوں کے آلہ کاروں نے جمہوریت کے مرکز یعنی پارلیمنٹ کو نشانہ بنایا ہے۔واضح رہے کہ دہشت گردی کے سلسلے میں امریکہ کے دوہرے معیار اور اس مسئلے کو ایک حربے کے طورپر استعمال کئے جانے سے علاقے میں مختلف دہشت گرد گروہوں کو جنم دینے میں مدد ملی ہے