Jul ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
  • تحریک مزاحمت کی حمایت جاری رہنے کا عزم

ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ تہران تحریک مزاحمت کی حمایت اور دہشت گردوں کی سرکوبی پر پختہ یقین رکھتا ہے اور اسے اسلامی اور انسانی فریضہ سمجھتا ہے۔

بدھ کے روز تہران میں لبنان کی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کے پارلیمانی دھڑے کے سربراہ محمد رعد سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ لبنان کے علاقے عرسال میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف حزب اللہ کے مجاہدین کی فتح تاریخ میں ہمیشہ باقی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ نے یہ کامیابی ایسے وقت میں حاصل کی ہے جب بعض مداخلت پسند ممالک، تحریک مزاحمت کے خلاف کمر بستہ دکھائی دے رہے ہیں۔
ایران کے اسپیکر نے واضح کیا کہ مزاحمتی محاذ کی پے در پے کامیابیوں کے بعد خطے کے بعض ممالک امریکہ کے تعاون سے حزب اللہ کے خلاف پابندیوں کے معاملے کو اٹھا رہے ہیں تاہم ان ملکوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران کے خلاف امریکی ایوان نمائندگان کے تازہ بل کو جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اقدامات سے صاف ظاہر ہے کہ اسے خطے میں دہشت گردی کا بحران ختم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور اس پالیسی سے خود امریکہ ہی کو نقصان پہنچے گا۔

ٹیگس