امریکی پابندیوں کے مقابلے کے لئے مجریہ ، مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کا اجلاس
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف دشمنانہ اقدامات سے سب سے زیادہ نقصان امریکہ کو ہوگا اور ان اقدامات سے وہ دنیا میں الگ تھلگ پڑ جائے گا
تہران میں مجریہ ، مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کے مشترکہ اجلاس میں ایران اور علاقے کے اہم ترین مسائل کا جائزہ لیا گیا- پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اور عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی کے ساتھ مشترکہ اجلاس کے بارے میں صدر مملکت حسن روحانی نے کہا کہ اس اجلاس میں امریکہ کی حالیہ پابندیوں اور ان پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا- صدرحسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران آج ایسے مقام پر ہے کہ کوئی بھی اس کی عظمت کو نقصان نہیں پہنچا سکتا کہا کہ مجریہ ، مقننہ اور عدلیہ سب مسلح افواج کی حمایت کریں گی اور کوئی بھی ایران کی مسلح افواج کو نقصان نہیں پہنچا سکتا- ایران کے صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج ، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ، رضاکار فورس ، پولیس اور دیگر تمام سیکورٹی فورس کو قوم کی حمایت حاصل ہے اور ایران پوری طاقت سے اپنا راستہ جاری رکھےگا-