رہبرانقلاب اسلامی: ایران ماضی سے کہیں زیادہ طاقتور ہے
رہبرانقلاب اسلامی نے ایران میں دینی جمہوریت کو اسلامی انقلاب کی عظیم برکت قرار دیتے ہوئے دینی جمہوریت کے دوام پر تاکید فرمائی ہے
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جمعرات کو حسینیہ امام خمینی میں عہدہ صدارت کی ثوثیق کی تقریب میں فرمایا کہ عہدہ صدارت کی ثوثیق کی یہ تقریب انتہائی اہمیت کی حامل ہے- آپ نے ایران میں دینی جمہوریت کے دوام پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ عہدہ صدارت کی توثیق کی یہ تقریب اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اپنی نوعیت کی بارہویں تقریب ہے جو اس بات کو واضح کرتی ہے کہ ایران میں عوام کے ووٹ اور ان کی مرضی ہی اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ عظیم کارنامہ اسلامی انقلاب کی برکت سے انجام پایا ہے - رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امام خمینی رح کی قیادت میں اسلامی انقلاب نے ایرانی عوام کو کہ جنھیں حاشیئے پر لگادیا گیا تھا میدان عمل میں اتارا اور انہیں صاحب اختیار بنا دیا اور آج ایرانی عوام نے بارہویں مرتبہ اپنے صدر کو خود منتخب کیا ہے- آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اگرچہ پابندیوں نے مشکلات پیدا کیں لیکن ان کی وجہ سے ہماری توجہ اپنی داخلی استعداد اور توانائیوں کی جانب مبذول ہوئی اور یہی وجہ ہے کہ آج دشمن کی مرضی کے برخلاف ایران، اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی برسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ قوی اور طاقتور ہے - رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکا کے موجودہ حکام جیسے بعض دیگر افراد کھل کر ایرانی عوام کے ساتھ دشمنی کرتے ہیں اور بعض افراد خفیہ طریقے سے ایرانی قوم سے عداوت کرتے ہیں لیکن یہ تمام منصوبے اور حربے اس بات کا باعث بنے کہ ایرانی عوام اور حکام میں زیادہ سے زیادہ خود اعتمادی پیدا ہو اور وہ دشمن کے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرنے کے لئے راستے تلاش کریں - رہبرانقلاب اسلامی نے امریکی حکومت کو تمام تسلط پسند طاقتوں میں سب سے زیادہ جارح اور بے شرم قرار دیا اور فرمایا کہ گذشتہ چار عشروں کی بین الاقوامی سرگرمیوں نے یہ ثابت کردیا کہ منہ زور طاقتوں کے مقابلے میں گھٹنے ٹیک دینے کی قیمت ان کے مقابلے میں ڈٹ جانے سے کہیں زیادہ ادا کرنی پڑتی ہے - آپ نے سیمرغ سیٹیلائٹ کیریئر کے کامیاب تجربے پر دشمنوں کے حالیہ ہنگاموں کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ اس سیٹیلائٹ کیریئر کا تجربہ سائنسی اور فنی مقاصد کے لئے تھا جو معمول کی بات ہے اور ملک کے لئے ضروری بھی تھا لیکن اس معاملے پر بھی انہوں نے ہنگامہ بپا کردیا - رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اگرچہ دشمنوں نے ہمیشہ ایرانی عوام کو الگ تھلگ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا نہ کرسکے اور ایرانی عوام نے دنیا کے ساتھ تعاون جبکہ سامراجی اور تسلط پسندانہ نظام کا ڈٹ کر مقابلہ کیا - رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بین الاقوامی تعاون اور تعلقات ہمیں اس نکتے سے غافل نہ کردیں کہ ہمارے کچھ دشمن ہیں جو ہماری نابودی کے لئے کمربستہ ہیں اور وہ ہر بہانے کا استعمال کرتے ہیں - آپ نے فرمایا کہ ہمیں فخر کرنا چاہئے کہ ہم ایسے دور میں زندگی بسر کر رہے ہیں جب خداوندعالم نے ایک ایسے عظیم شخص کو منتخب کیا جس نے اس سمندر میں تلاطم پیدا کیا اور یہ کوئی معمولی بات نہیں ہےکہ امام خمینی نے ایران کے عوام کے راستے کو تبدیل کردیا -