ایران ہمیشہ عراقی عوام اور حکومت کے ساتھ ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے کہا ہے کہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ کے آغاز سے ہی عراقی عوام اور حکومت کے ساتھ رہا ہے اور تعمیرنو کے دور میں بھی وہ عراق کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔
ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے تہران میں ایران اور عراق کے اعلی رتبہ وفد کے مشترکہ اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت اور عوام کی کامیابیوں کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عراقی حکام کی بہترین تدبیروں، مراجع کرام کی مدبرانہ رہنمائیوں اورسرانجام عراقی جانبازوں کی فداکاریوں اور قربانیوں کی وجہ سے آج عراق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک تاریخی کامیابی کے قریب پہنچ گیا-
ایران کے نائب صدر نے عراقی کردستان میں علیحدگی کے ریفرنڈم کو ایک بڑا فتنہ قرار دیا جو دوسرے ملکوں میں بھی منتقل ہو سکتا تھا لیکن یہ مسئلہ مدبرانہ طریقے سے خود عراق کے اندر ہی حل ہو گیا-
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سبھی کرد عراقی شہری ہیں اور سب یکساں اور برابر کے حقوق کے مالک ہیں، کہا کہ ایران اس ریفرنڈم کے مسئلے کے آغاز سے ہی عراق کی مرکزی حکومت کے ساتھ تھا اور ترک حکام سے بھی کہا تھا کہ وہ بھی عراق کی مرکزی حکومت کا ساتھ دیں-
ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے مختلف سیاسی سیکورٹی اور دفاعی میدانوں میں تہران اور بغداد کے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی دوستانہ اور اعلی سطح کے تعلقات سے تعبیر کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے روابط مثالی ہیں لیکن اقتصادی تعلقات کو اور زیادہ توسیع دیئے جانے کی ضرورت ہے-
عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے بھی علاقے کو درپیش متعدد چیلنجوں منجملہ دہشت گرد گروہوں کے اقدامات اور بعض اختلافات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ کے لئے علاقے کے سبھی ملکوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی ضروری ہے-
عراقی وزیراعظم نے کردستان میں غیر قانونی ریفرنڈم کے انعقاد کا بھی ذکر کیا اور عراق کے اتحاد اور سالمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ علیحدگی پسندوں کو بین الاقوامی حمایت نہیں مل سکی صرف اسرائیل نے اس ریفرنڈم کی حمایت کی-
انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف عراقی عوام کی جنگ نے عراق میں اتحاد اور یکجہتی کو پہلے سے زیادہ مستحکم بنا دیا ہے-
قابل ذکر ہے کہ عراقی وزیراعظم ترکی کا اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد بدھ کی شام تہران پہنچے تھے پچھلے ایک سال میں عراقی وزیراعظم کا یہ دوسرا دورہ تہران ہے-