پاکستان کو بجلی کی فراہمی کے لئے ایران کا اعلان آمادگی
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو سالانہ ایک ہزار میگاواٹ سے تین ہزار میگاواٹ تک بجلی برآمد کرنے کے لئے تیار ہے۔
اسلام آباد میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ اگر دونوں ملکوں کے درمیان بجلی کی برآمدات کے بارے میں معاہدے پر دستخط ہو جاتے ہیں تو ایران، پاکستان کو سالانہ ایک ہزار سے تین ہزار میگاواٹ تک بجلی برآمدکرنے کو تیار ہے-
اسلام آباد میں ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے گیس پائپ لائن پروجیکٹ کے فوائد کی جانب بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ پر عمل درآمد کی صورت میں انرجی کے شعبے میں پاکستان کی مشکلات حل ہو سکتی ہیں اور پاکستان کو بے شمار اقتصادی فوائد بھی حاصل ہوں گے-
ان کا کہنا تھا ایران نے گیس پائپ لائن کو پاکستان کی سرحد تک پہنچانے کے لئے دسیوں لاکھ ڈالر خرچ کئے ہیں لیکن پاکستان نے ابھی تک اس پروجیکٹ پر کوئی کام انجام نہیں دیا-
پاکستان میں ایران کے سفیر نے کہا کہ سال دو ہزار سترہ میں ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم ایک ارب، دو سو ملین ڈالر تھا جو دونوں ملکوں کے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کے پیش نظر بہت اچھا تجارتی حجم نہیں ہے-
انہوں نے پاکستانی حکام سے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کریں-