Nov ۱۵, ۲۰۱۷ ۲۱:۱۰ Asia/Tehran
  • انسانی حقو‍ق کو سیاسی ہتھکنڈہ بنانے کی مذمت

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کی تھرڈ کمیٹی میں تہران کے خلاف منظور کی جانے والی بے بنیاد قرار داد کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔

اقوام متحدہ کی تھرڈ کمیٹی نے کینیڈا کی جانب سے پیش کی جانے والی ایران مخالف قرارداد کو انتہائی کم ووٹوں سے منظوری دی ہے۔ اس قرار داد میں ایران پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے گھسے پٹے الزامات کا اعادہ کیا گیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اس قرار داد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوں کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرائم کا ارتکاب نیز دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے والے بعض بڑے ملکوں نے اس قرار داد کی حمایت کی جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ قرار داد حقائق سے کوسوں دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران اس قرار داد اور انسانی حقوق کے حوالے سے لگائے جانے والے تمام الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کرتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے معاملے کو دنیا کے آزاد اور خود مختار ملکوں کے خلاف سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کیا جانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے اور اس قسم کے اقدامات سے اعلی انسانی قدروں کے تحفظ کی کوششوں کو دھچکہ لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں اسلامی جمہوری نظام قائم ہے اور ایران کی حکومت انسانی حقوق کی بالادستی کے اسلامی اور عالمی اصولوں پر سختی کے ساتھ کاربند ہے۔

ٹیگس