ایران کا میزائلی پروگرام ناقابل مذاکرات
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کی کمیٹی کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کے میزائلی پروگرام پر گفتگو نہیں کی جا سکتی اس لئے کہ میزائلی پروگرام ہماری مسقل پالیسی کا حصہ ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیٹی کے صدر علاء الدین بروجردی نے مھر خبر رساں ایجنسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فرانس کے صدرامانوئل میکرون کی جانب سے ایران کے میزائلی پروگرام پر گفتگو کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے میزائلی پروگرام کے بارے میں کسی بھی ملک کو اظہار خیال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
علاء الدین بروجردی نے کہا کہ ایران کسی بھی ملک کو اپنے میزائلی پروگرام میں مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا میزائلی پروگرام ملک کے دفاع اور ارضی سالمیت کی حفاظت کے لئے ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل فرانس کے صدر نے واشنگٹن کی پالیسی کے دائرے میں جو ایران کے دفاعی پروگرام کو بند کرنے کے درپے ہے تجویز دی تھی کہ ایران اور گروپ 1+5 کے مابین جوہری معاہدہ ایران کے میزائلی پروگرام کے موضوع پر گفتگو سے مکمل ہونا چاہئیے۔