ایران میں مذاہب اور قومیں غم و خوشی میں ساتھ ساتھ
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایرانی قوم شہدا کے خون کی پاسداری کرتی ہے اور یہاں تمام قومیں اور مذاہب غم اور خوشی میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹرحسن روحانی نے حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت اور نئے عیسوی سال 2018 کی مناسبت سے کل ایران کی عیسائي برادری سے تعلق رکھنے والے شہید 'ژرژ ہارطون' کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ہمیں امید ہے کہ تمام اقوام حضرت عیسی علیہ السلام کی تعلیمات پرعمل کرکے امن اور سلامتی کے راستے پر گامزن ہوں گی. صدر روحانی نے شہدا کے لواحقین کے صبر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم ہرگز اپنے ملک کے دفاع کرنے والے شہدا کو نہیں بھولے گی.
انہوں نے مشرق وسطی میں مسیحی برادری کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کو عراق، شام اور لبنان میں دہشتگردی کے واقعات سے بہت نقصانات کا سامنا کرنا پڑا اوران حالات کی وجہ سے آج مسلمان اور عیسائی کے درمیان گہرے تعلقات قائم ہیں.
واضح رہے کہ شہید 'ژرژ ہارطون 1988 میں ایران پر مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران کے مغربی علاقے میں شہید ہو گئے تھے۔