Jan ۰۵, ۲۰۱۸ ۱۴:۳۰ Asia/Tehran
  • امریکہ اور اس کے اتحادی اپنی بھڑاس نکال رہے ہیں، خطیب جمعہ تہران

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے ملک کے حالیہ واقعات کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے دل کی بھڑاس نکالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی شام اور عراق سمیت خطے میں اپنی پے در پے شکستوں کے بعد مزاحمتی محاذ کے پیشرو ملک کی حثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران پر ضرب لگانے کے لیے نئے موقعے کی تلاش میں رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا خیال تھا کہ وہ بلوائیوں کی حمایت کر کے ایران کو زک پہنچا سکتے ہیں لیکن ایرانی عوام نے اپنی بصیرت اور شعور و آگاہی کے ذریعے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی نئی سازش کو ناکام بنا دیا۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ امریکہ، آل سعود اور صیہونی حکومت پچھلے چند روز کے دوران ایران میں بلوائیوں کی حمایت میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتی رہی ہے جبکہ امریکہ اور سعودی عرب نے ایران کے حالیہ فسادات کے لیے مالی مدد فراہم کی ہے۔
پچھلے دنوں ایران کے بعض شہروں میں لوگوں نے مظاہرے کیے تھے اور وہ مالیاتی اداروں میں اپنے سرمایوں کی مبہم صورت حال، مہنگائی اور حکومت کی کمزور نگرانی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے تاہم بیرونی حمایت یافتہ بلوائیوں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی احتجاج کو پرتشدد رنگ دینے کی کوشش کی اور سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔
امریکہ، صیہونی حکومت اور آل سعود نیز غیر ملکی میڈیا نے عوامی احتجاج اور مظاہروں کو تشدد اور ہنگامہ آرائی پر اکسانے کی بھرپور کوشش کی۔ تاہم ایران کے عوام نے بدھ کے روز کسی ادارے یا حکومت کی دعوت کے بغیر ہی سڑکوں پر عظیم الشان ریلیاں نکالیں اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں اور بلوائیوں سے اپنی نفرت کے اظہار کے ساتھ ایران کے اسلامی نظام اور رہبر انقلاب اسلامی کے ساتھ اپنی بیعت کا ایک پھر اعلان کیا۔

ٹیگس