شہزادی کونین جناب فاطمہ زہرا(ع)کے یوم شہادت،ایران کی فضا سوگوار و عزادار
شہزادی کونین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہوگیاہے اور منگل کی رات یعنی شب شہادت سے ہی ایران کی فضا سوگوار و عزادار ہے۔
ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں سے ہمارے نمائندوں نے خبردی ہے کہ ایام فاطمیہ اور شہزادی کونین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے مساجد و امامبارگاہوں میں مجالس عزا برپا ہورہی ہیں۔
اس سلسلے کی مرکزی مجالس کا اہتمام مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں کیا گیا ہے۔ ایران اور دنیاکے گوشہ وکنار میں تیرہ جمادی الاول سے جو ایک روایت کے مطابق شہزادی کی تاریخ شہادت ہے ایام فاطمیہ کی مجالس کا آغاز ہوجاتاہے اور تین جمادی الثانی تک جو دیگر روایتوں کے مطابق شہزادی کونین کی تاریخ شہادت ہے یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔
ایام فاطمیہ کی مناسبت سے مشہد اور قم میں مقدس روضوں کو سیاہ پوش کردیا گیا ہے پاکستان ہندوستان اور عراق و لبنان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ایام فاطمیہ کی مجالس جاری رہیں اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت صدیقہ طاہرہ جناب فاطمہ سلام اللہ علیھا کے فضائل و مصائب بیان کرکے مومنین کو مثاب کررہے ہیں۔
اس موقع پر عراق کے بھی مقدس شہروں نجف اشرف ، کربلائے معلی ، کاظمین اور سامرا میں زائرین و سوگواروں کی بڑی تعداد موجود ہے اور دختررسول جناب زہرا کی مصیبتوں پر ماتم کررہی ہے۔
جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا بیس جمادی الثانی بعثت کے پانچویں سال مکہ مکرمہ میں اس دنیا میں تشریف لائیں اور سرکار دوعالم کی آغوش میں پرورش پائی اور اعلی الہی تعلیمات کی حامل بنیں۔
شہزادی کونین علوم الہی کے سرچشمے سے سیراب ہوئی تھیں اوریوں آپ خدا وندعالم کے مقربین میں سے تھیں۔حکام وقت کے بے پناہ مظالم کی وجہ سے ایک روایت کے مطابق تیرہ جمادی الاول گیارہ ہجری قمری اور ایک روایت کے مطابق تین جمادی الثانی گیارہ ہجری قمری کو صرف اٹھارہ سال کی حیات میں شہید ہوگئیں۔