Feb ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • امریکی حکومت وحشی گروہ داعش سے بھی بدتر ہے، رہبرانقلاب اسلامی

ایرانی فضائیہ کے کمانڈروں اور جوانوں نے جمعرات کو رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی -

اس موقع پر رہبرانقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں ایام اللہ اور اسلامی انقلاب کی اہم مناسبتوں کو اسلامی نظام کے استحکام اور دوام کا محرک قراردیا اور فرمایا کہ اس سال گیارہ فروری کو جشن انقلاب کی ریلیاں ہر سال سے زیادہ پرجوش اور دیکھنے کے لائق ہوں گی۔


آٹھ فروری انیس سو اناسی کو ایرانی فضائیہ کے کمانڈروں اور جوانوں کے امام خمینی سے اعلان وفاداری اور تاریخی بیعت کی سالگرہ کی مناسبت سے جمعرات کو فضائیہ کے کمانڈروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس سال امریکی اور بعض دیگر ملکوں کے حکام کی بیہودہ گوئیوں کی وجہ سے ایرانی عوام یہ سمجھتے ہیں کہ دشمن گھات لگانے اور دشمنی کو انجام دینے کی کوشش کر رہا ہے اسی لئے اللہ کی مدد و نصرت سے اس سال اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ریلیوں میں عوام کی شرکت ہر سال سے زیادہ پرجوش اوروسیع ہوگی اور پوری قوم ان ریلیوں میں شرکت کرے گی۔

امریکا خطے میں جوچاہتا تھا وہ نہیں ہوسکا اور ایران نے جوچاہا وہ کر دکھایا

 آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی انقلاب کو ایک زندہ حقیقت قراردیا اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آج انقلاب کا استحکام اور دوام پہلے دن کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے فرمایا کہ آج کے انقلابی، اسلامی انقلاب کے ابتدائی ایام کے انقلابیوں سے زیادہ ثابت قدم، باشعور و بابصیرت ہیں اسی لئے آج انقلاب نے ترقی کی منزلیں طے کرلی ہیں اور وہ پوری طرح مستحکم و توانا ہوچکا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بین الاقوامی سطح پر مظالم اور برائیوں کے خلاف جد وجہد کرنا اور (امریکہ کو) ذلیل و رسوا کرنا اسلامی جمہوری نظام کی اصولی پالیسی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ آج دنیا کی سب سے زیادہ بے رحم اور ظالم حکومت امریکی حکومت ہے یہاں تک کہ یہ حکومت وحشی گروہ داعش سے بھی بدتر ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ داعش کو امریکا نے ہی بنایا ہے اور موجودہ امریکی صدر نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اس کا اعتراف بھی کیا ہے فرمایا کہ امریکیوں نے داعش گروہ کو تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ اس کی ہر طرح سے حمایت کی لیکن امریکی حکومت عالمی سطح پر اپنے پروپیگنڈوں میں انسانی حقوق، مظلوموں اور حتی جانوروں کے حقوق کی حمایت کا دعوی کرتی ہے اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ حقائق کو بیان کرکے انہیں ذلیل و رسوا کیا جائے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فلسطینی عوام پر گذشتہ ستر برس سے جاری مظالم اور یمنی عوام کے قتل عام اور ان پر ہونے والے ظلم کی واشنگٹن کے ذریعے حمایت کو امریکی مظالم کا کھلا ثبوت قراردیا اور فرمایا کہ یمن اور یمن کے مظلوم عوام کی تنصیبات پر روزانہ امریکی اتحادیوں کے ذریعے امریکی ہتھیاروں سے بمباری کی جارہی ہے  لیکن امریکی حکومت اس پر خاموش ہے اور اس کو ان مظالم کی کوئی پروا نہیں ہے اور وہ انتہائی بے شرمی کے ساتھ لوہے کے چند ٹکڑے دکھا کر یہ جھوٹا دعوی کرتی ہے کہ ایران یمن کو میزائل فراہم کررہا ہے۔
آپ نے علاقے کے مسائل میں اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت کے ایک نمونے کا بھی ذکرکیا اور فرمایا کہ مغربی ایشیا کے علاقے میں استقامتی محاذ کے بارے میں امریکیوں کی کوشش تھی کہ وہ استقامتی محاذ کا صفایا کردیں لیکن ہم ڈٹے رہے اور اعلان کردیا کہ اس کی اجازت نہیں دیں گے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج پوری دنیا پر یہ ثابت ہوگیا ہے کہ امریکا جوچاہتا تھا وہ نہیں ہوسکا اور ہم نے جوچاہا وہ کردکھایا۔

ٹیگس