Mar ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
  • ایران نے خطے میں امریکی سازش کو ناکام بنا دیا، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے نوروز کی مناسبت سے مشہد مقدس میں زائرین اور عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سب کو شہادت حضرت امام علی نقی علیہ السلام کی مناسبت سے تعزیت اور نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔

بدھ کے روز مشہد مقدس میں نئے ہجری شمسی سال کے آغاز کے موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے لاکھوں زائرین سے اپنے سالانہ خطاب میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آج ایران کی موجودہ آزادی اور خودمختاری دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای فرمایا کہ ایران میں اسلامی جمہوری نظام قائم ہے جسے عوام نے سامراج اور آمرانہ نظام ختم کر کے قائم کیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران نے بیرونی دباؤ اور دیگر مسائل کے باوجود انصاف کی فراہمی میں قابل قدر خدمات انجام دی ہیں اور اس شعبے میں اچھی ترقی کی ہے۔
علاقے کی صورت حال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران نے خطے میں امریکہ کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکہ کی سازش یہ تھی کہ داعش جیسے شرپسند، ظالم اور ہتاک دہشت گرد گروہ کو قائم کر کے علاقے کی اقوام کی توجہ غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے ہٹایا اور اندرونی جھگڑوں میں الجھا دیا جائے لیکن ایران نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔
آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے داعش کی سرکوبی میں امریکی کردار کے بارے میں واشنگٹن کے دعووں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ چاہتا تھا کہ داعش اور اس جیسے گروہ باقی رہیں لیکن اس کی مٹھی میں رہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے خطے میں ایران کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران نے جوکچھ بھی کیا وہ علاقے کی قوموں اور حکومتوں کی درخواست اور خواہش کے مطابق کیا ہے اور ایران نے علاقے میں تکفیری دہشت گردی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران نے علاقے میں امن و استحکام کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
آپ نے فرمایا کہ ایران خطے کے ملکوں کے ساتھ جو تعاون بھی کیا ہے وہ جذباتی بنیادوں پر نہیں بلکہ پورے منطقی اور دانشمندانہ حساب و کتاب کے مطابق کیا ہے۔ ایران نے کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں رکھا ہے اور ایران کا کردار خطے کے ملکوں کی درخواست کے مطابق ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے بڑے واضح الفاظ میں فرمایا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ خطے کے معاملات میں امریکہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

ٹیگس