یمن کے انسانی المیے میں امریکی شراکت
ایران کے وزیر خارجہ نے جنگ یمن میں امریکہ کی مداخلت کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں امریکی مداخلت دنیا کی سب سے بڑی انسانی تباہی میں اس کی شراکت داری کا ناقابل انکار ثبوت ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یمن کی جنگ میں امریکہ کی جانب سے ہتھیاروں اور سعودی جنگی طیاروں کو ایندھن کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ دنیا کی سب سے بڑی انسانی تباہی میں آل سعود کے ساتھ برابر کا شریک ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ یمن کی جنگ سے مشرق وسطی میں اختلافات ڈالنے اور اپنے ناجائز مفادات کے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس میں اب تک ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔