امریکہ کا اخلاقی دیوالیہ نکل گیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران کے خلاف پابندیاں پھر سے عائد کرنے کی امریکی کوششوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کا اخلاقی دیوالیہ نکل گیا ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے صدر ٹرمپ کے نامزد کردہ وزیر خارجہ مائک پمپئو کے تازہ بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سامنے پمپئو کی تقریر میں امریکہ کے اخلاقی دیوالیہ پن کا بخوبی مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی غلط اطلاعات کی بنیاد پر ایران کے خلاف پابندیاں لگائی گئی تھیں کہ تہران ایٹمی ہتھیار بنانا چاہتا ہے اور اس بار اس لیے پابندیاں لگائی جارہی ہیں کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کر رہا۔واضح رہے کہ امریکی صدر کے نامزد وزیر خارجہ مائک پمپئو نے سینیٹ میں اپنی اہلیت کے جائزے کے لیے ہونے والے اجلاس کے دوران کہا ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے سے پہلے بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی پوزیشن میں نہیں تھا اور جہاں تک میری معلومات ہیں ایسی کوئی علامات نہیں ہیں کہ اگر ایٹمی معاہدہ نہ ہو تو ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش کرےگا۔