امریکہ اب بھی ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکہ اس وقت بھی ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی جریدے نیشنل انٹریسٹ سے گفتگو میں ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکلنے کے امکان کے بارے میں کہا ہے کہ امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ کے دور میں امریکہ ایٹمی معاہدے کا حصہ ہی نہیں رہا ہے اور اس نے اپنے تمام وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ اگر ایٹمی معاہدے سے نکلتا ہے کہ تو فوری طور پر یہ پیغام جائے گا کہ ایران، ایٹمی معاہدے میں باقی رہنے کی پابندی سے آزاد ہو جائے گا۔ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے امریکہ کی حانب سے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کے بارے میں کہا کہ ٹرمپ، جب سے وائٹ ہاؤس پہنچے ہیں ہر طرح سے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے رہے ہیں جس میں ایران میں سرمایہ کاری سے روکنا اور ایران اور دیگر ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں رخنہ اندازی شامل ہے۔