یورپ کوایٹمی معاہدے میں ایران کے مفادات کی ضمانت دینا ہوگی، بہرام قاسمی
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے بعد اس معاہدے میں ایران کے مفادات کے سلسلے میں ضمانت فراہم کرنے کے لئے یورپ کے پاس اب وقت بہت کم باقی بچا ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیر کے روز تہران میں ملکی و غیر ملکی نامہ نگاروں اور صحافیوں سے گفتگو میں ایک نامہ نگار کے اس سوال کے جواب میں کہ آیا ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے اعلان کے بعد بڑی یورپی کمپنیاں ایران کے ساتھ تعاون منقطع کر دیں گی اور ایران کے مطالبات کو چھوٹی چھوٹی کمپنیوں کے ذریعے پورا کیا جائے گا، کہا کہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے بعد نئی صورت حال وجود میں آئی ہے اور ایٹمی معاہدے میں شامل دیگر فریقوں کی خواہش اور ارادے کے پیش نظر ایٹمی معاہدے کے بارے میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
بہرام قاسمی نے ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے لیے یورپ کی جانب سے ضمانت فراہم کئے جانے سے متعلق کہا کہ اب باتوں پرنہیں بلکہ عمل کو دیکھا جائے گا اور یہی ہماری نظرمیں اہم ہے۔
انھوں نے اسی طرح شام سے تمام غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں روس کی اپیل کے سلسلے میں بھی کہا کہ کوئی بھی ملک ایران کو شام سے نکلنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک آزاد ملک ہے اور شام میں ایران کی موجودگی دہشت گردی کے خلاف مہم کے لئے حکومت شام کی باضابطہ طور پر دعوت کی بنیاد پر ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ شام سے ان کو واپس جانا چاہئے کہ جنھوں نے شام کی قانونی حکومت کی اجازت کے بغیر اس ملک کی سرزمین کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے اور یہ کہ حکومت شام کی خواہش پر ایران اس ملک کی مدد و اس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
بہرام قاسمی نے عراق کے پارلیمانی انتخابات کے انعقاد اور تہران و بغداد کے درمیان اقتصادی تعاون کے بارے میں بھی کہا کہ عراق میں اقتصادی موجودگی ایک دراز مدت مسئلہ ہے جو ایک الیکشن سے تبدیل نہیں ہو گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے افغانستان کے شہر فراہ پر حملے میں طالبان کے لئے ایران کی حمایت کے بارے میں عائد کئے جانے والے الزام کے تعلق سے بھی کہا کہ ایران کسی بھی ملک کے داخلی مسائل میں مداخلت نہیں کرتا جبکہ ایران کی پالیسی حکومت افغانستان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون پر استوار ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس قسم کے دعوے کا مقصد افغانستان کے ساتھ ایران کے تعلقات کو متاثر کرنا ہے اس لئے افغان حکام کی جانب سے بھرپور دانشمندی کا مظاہرہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے شمالی کوریا کے ساتھ امریکہ کے مذاکرات اور ایران کے موقف کے بارے میں بھی کہا کہ ایران تمام علاقوں منجملہ جزیرہ نمائے کوریا میں امن و سلامتی کی حمایت کرتا ہے تاہم وہ یقین کے ساتھ اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ امریکہ قابل اعتماد شریک نہیں ہے اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات کرنے والوں کو چاہئے کہ اس مسئلے پر خاص طور سے توجہ رکھیں۔