Jul ۱۶, ۲۰۱۸ ۲۱:۰۸ Asia/Tehran
  • ڈاکٹرولایتی اور روسی صدرکی ملاقات کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ماسکو میں روسی صدر پوتن کے ساتھ رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر ولایتی کی بات چیت کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے  کہ بین الاقوامی امورمیں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی کی ماسکو میں روسی صدر پوتن کے ساتھ ہوئی بات چیت کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ نے پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں گذشتہ ہفتے بدھ کو ماسکو میں ڈاکٹر ولایتی اور روسی صدرپوتن کی ملاقات اور ہلسنکی میں پیر کو ہونے والی روسی اور امریکی صدور کی ملاقات سے اس کا ربط دئے جانے کی خبروں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکی اور روسی صدور کی آج کی ملاقات کا ایران سے مربوط مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہے اور تہران نے امریکی صدر ٹرمپ کو کسی بھی طرح کا کوئی پیغام نہیں دیا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ماسکو میں ڈاکٹر ولایتی اور روسی صدر کے درمیان دوگھنٹے طویل ملاقات اور بات چیت کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں اور جو کچھ میڈیا میں آیا ہے وہ مذاکرات کی اصل تفصیلات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ولایتی کا دورہ ماسکو وزارت خارجہ کی ہم آہنگی سے اور روسی صدر کے لئے رہبرانقلاب اسلامی اور صدر مملکت کے پیغامات کے حامل خصوصی ایلچی کی حیثیت سے انجام پایا اور اس ملاقات میں مختلف دوطرفہ ، علاقائی اور عالمی مسائل زیر غور آئے۔

ٹیگس