صدر ایران کی جانب سے پاکستان کے نئے وزیراعظم کو پیغام تہنیت
Aug ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان کا وزیراعظم بننے پر عمران خان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عمران خان کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی قیادت میں نئی پاکستانی حکومت کے دور میں عالم اسلام میں اتحاد و یکجہتی اور دو دوست اور ہمسایہ ملکوں کے تعلقات پہلے سے بھی زیادہ تقویت پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ کی طرح اور خاص طور پر نئی پاکستانی حکومت کے دور میں بھی تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے -
عمران خان نے ہفتے کو پاکستان کے نئے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ اس سے پہلے جمعے کو وزارت عظمی کے عہدے کے لئے ہونے والی ووٹنگ میں وہ ایک سوچھیہتر ووٹ حاصل کرکے پاکستان کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔