اہواز حملے میں ملوث دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران فورسز کی جانب سے اہواز کے سفاکانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں درجنوں دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہوگئے.
ایران کے شہر اہواز میں دہشت گردوں نے گزشتہ ہفتے یوم مسلح افواج کے موقع پر فوجی پریڈ کے دوران عام شہریوں پر حملہ کر دیا تھا جس میں 25 افراد شہید اور 69 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبے تعلقات عامہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب نے پیر کی علی الصبح اہواز کے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے شام میں مشرقی فرات کے علاقے میں امریکہ اور علاقے کے بعض ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر 6 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کر کے ان کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا جس کے بعد 7 ڈرون طیاروں کے ذریعے عالمی سامراج سے وابستہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی۔
ان حملوں میں درجنوں دہشت گرد اور ان کے سرغنہ ہلاک اور دہشت گردوں کے ہتھیاروں کے گودام بھی تباہ ہو گئے۔
یہ حملہ پانچ سو ستّر کلو میٹر کے فاصلے سے کیا گیا اور میزائل ٹھیک اپنے نشانے پر جا کر لگے۔ جس میں دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی دھمکی دی تھی جس پر پیر کے روز عمل بھی کر دیا گیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ ایرانی قوم کی سلامتی مسلح افواج کی ریڈ لائن ہے جسے عبور کئے جانے کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے
۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج ،ایران کی سرزمین کا تحفظ اور سماج میں امن و امان کے قیام کے لئے اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کریں گی اور دشمنوں کی کسی بھی قسم کی شیطانی کارروائی کا منھ توڑ جواب دینے سے بھی ہرگز گریز نہیں کیا جائے گا۔