یورپ، ایران سے متعلق مالیاتی نظام کے نفاذ کیلئے کوشاں
جرمنی کے سفیر نے کہا ہے کہ یورپ اپنی تمام تر طاقت کیساتھ SPVنظام کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات جرمن سفیر میکائیل کلود برشتو نےنائب ایرانی اسپیکرعلی مطہری کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپ اپنی تمام تر طاقت کیساتھ ایران سے متعلق مخصوص مالیاتی نظام کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرمن حکومت نے ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی پر بارہا افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جوہری معاہدے کے تحفظ کے حوالے سے یورپی یونین کیساتھ یکجا ہونے کی کوشش کی ہے۔
جرمن سفیر نے کہا کہ ایران سے متعلق یورپ کا ایس پی وی نظام نفاذ کے قریب ہے اور آئندہ چند دنوں میں نفاذ ہوگا۔
انہوں نے خطے میں ایران کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے کا ایک اہم ملک ہے لہذا علاقائی مسائل اور بحرانوں کے حل کیلئے ایران کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کی توسیع سمیت ایران اور جرمنی کے دانشوروں کے درمیان مختلف بنیادی موضوعات سے متعلق مذاکرات کے فروغ پر زور دیا۔
جرمن سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رائے میں ایران اور جرمنی کے عوام کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جو دونوں ممالک کے سیاسی اور سرکاری تعلقات سے بڑھ کر ہیں۔