Apr ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
  • عرب لیگ کا اجلاس سابقہ اجلاسوں کے مقابلے میں مثبت تھا، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے تیونس میں عرب لیگ کے سربراہی اجلاس کے بیان کے بعض حصوں کی مذمت کرتے ہوئے مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں کے تناظر میں شام کی ارضی سالمیت کی حمایت کرنے پر مبنی عرب لیگ کے اقدام کو مثبت اور امید افزا بتایا تاہم کہا ہے کہ ٹرمپ اور صیہونی حکومت کی توسیع پسندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے صرف اتنا کرنا ناکافی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اس اجلاس سے متعلق فیصلوں اور اقدامات پر قریب سے نظر رکھے ہوئے  ہے، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عرب لیگ کے بہت سے ملکوں کے ساتھ قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں-

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ عرب لیگ کے چند ایک رکن ملکوں کے سربراہوں کی تقریر کے علاوہ کہ جنھوں نے بدستور ایران کے ساتھ غیر تعمیری رویّہ اور عداوت جاری رکھتے ہوئے لاحاصل دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، تہران عرب لیگ کے اس سربراہی اجلاس کو مجموعی طور پر سابقہ اجلاسوں کے مقابلے میں زیادہ مثبت پا رہا ہے اور اس کی وجہ تیونس کے اعلی حکام کی میزبانی اور ان کے دانشمندانہ انتظامی اقدامات ہیں-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں ایران کے تین جزیروں کے بارے میں کئے گئے دعوؤں اور اسی طرح عرب ملکوں کے داخلی معاملات میں مداخلت سے متعلق ایران کے خلاف عائد کئے گئے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تینوں جزیرے ایران کا اٹوٹ حصہ اور ایران کی ملکیت ہیں اور ان جزیروں کے  بارے میں دعوؤں کی تکرار سے ان کی قانونی اور جغرافیائی حیثیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا-

انہوں نے کہا کہ  تہران سمجھتا ہے کہ علاقے کے سبھی ممالک مشترکہ طور پر صیہونی حکومت کی سازشوں اور جرائم کے نشانے پر ہیں لہذا ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے سب کو متحد ہونا اور ہوشیاری کا مظاہرہ کرنا چاہئے-

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ عالم اسلام کو چاہئے کہ وہ صیہونی حکومت کے ذریعے عربی اور اسلامی سرزمینوں پر غاصبانہ قبضے کو اپنا اولین اور اہم مسئلہ سمجھے اور اسی مسئلے کے گرد سب کو جمع ہونا اور اپنی صفوں میں اتحاد کو مستحکم بنانا چاہئے-

عرب لیگ کا تیسواں سربراہی اجلاس اتوار کی رات ایک بیان جاری کر کے ختم ہو گیا- اس بیان میں سابقہ بیانات کی طرح سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے دباؤ میں ایران کے خلاف ایک بار پھر بے بنیاد د‏‏‏عوؤں کی تکرار کی گئی-

 

ٹیگس