عید مبعث: ایران سراپا جشن و سرور
اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مذہبی مقامات، مساجد اور امام بارگاہوں میں جشن عید مبعث جاری ہے اور نوجوان بچے سڑکوں پر جگہ جگہ اسٹال لگا کر مومنین کرام کو شربت اور مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں- اسلامی عقائد و روایات کے مطابق ستائیس رجب المرجب حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خداوندعالم نے رسالت کے لئے مبعوث کیا-
ستّائیس رجب المرجب رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بعثت کی تاریخ ہے۔ پیغمبر اسلام (ص) کے قلب مطہر پر آیت قرآنی نازل ہونے کے بعد بعثت نبوی انسانیت کی ہدایت کا آغاز ثابت ہوئی اور انسانی زندگی میں بنیادی تبدیلی کا باعث بنی تاکہ انسانیت عقیدہ توحید کے ہمراہ ہدایت کے راستے پر گامزن ہو سکے- ستائیس رجب المرجب کو جبرئیل امین، اللہ کی جانب سے غارحرا میں آخری رسول کا عہدہ لے کر آنحضور (ص) کی خدمت میں حاضر ہوئے تاکہ وہ دنیا والوں کو صحیح راستے اور صراط مستقیم کی رہنمائی فرمائیں-
مبعث کے واقعے کو چودہ سو سال سے زائد کا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی اس دن ہر سال پوری دنیا کے مسلمان انتہائی جوش و خروش اور عقیدت واحترام کے ساتھ جشن عید مبعث مناتے ہیں-
مسلمانوں کی عظیم ترین عید، عید فلاح و نجات یعنی عید مبعث کا جشن، دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح یہاں اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی پورے مذہبی جوش و خروش عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور ملک کے گوشہ و کنار میں جشن کا سماں ہے-
عید مبعث کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران میں عام تعطیل ہے اور لوگ اس پرمسرت موقع پر محافل مدحت کا انعقاد کر کے خوشی و جشن منا رہے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کر رہے ہیں-
عید مبعث کے جشن کے مرکزی پروگرام مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں جاری ہیں۔ اسی مناسبت سے مشہد مقدس اور قم میں حرم مطہر اور اطراف کی سڑکوں اور عمارتوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے-
عید مبعث کے موقع پر لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت مشہد مقدس اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں موجود ہیں اور جشن منا کر ان عظیم المرتبت ہستیوں کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت نچھاور کر رہے ہیں-
سحر عالمی نیٹ ورک اس مبارک موقع پر اپنے تمام سامعین،ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے۔