Apr ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • یورپ نے امریکہ کے مقابلے کمزوری کا مظاہرہ کیا: ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ یورپ نے امریکہ کے مقابلے کمزوری کا مظاہرہ کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ بطور سفارتکار ہماری ذمہ داری یورپی کارکردگی پر نظر رکھنا اور ان پر اپنا وعدہ نبھانے کے لئے دباؤ بڑھانا ہے.

محمد جواد ظریف نے کہا کہ یورپ پر دباؤ بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے تا کہ ان کو بتائیں کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کریں تاہم مغربی ممالک سے امید نہیں رکھنی چاہئے.

ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک جوہری معاہدے کے نفاذ کے پہلے دنوں اسے ایک کامیابی سمجھتے تھے مگر ابھی لگتاہے کہ ان میں اتنی طاقت نہیں کہ وہ امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرسکیں.انہوں نے مزید کہا کہ یورپ نے بعض کوششیں کیں تاہم  رہبر انقلاب اسلامی کے مطابق یہ کوششیں ناکافی تھیں.

محمد جواد ظریف نے کہا کہ جہاں تک یورپ پر دباؤ بڑھانے کی بات ہے ہم ان کے ساتھ سفارتی سطح پر رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا مقصد یہ ہے کہ یورپ اپنا وعدہ نبھائے اور اس کے لئے سفارتی کوششوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم ایران نے کبھی بھی یورپ پر امید نہیں رکھی.

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے روس، چین، ترکی اور عراق جیسے اپنے پرانے شراکت داروں کے ساتھ تعلقات مضبوط کئے اور خارجہ پالیسی میں ان ممالک کے ساتھ مستقبل میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر کام کیا گیا.

ٹیگس