Apr ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۵:۵۶ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران کے خلاف امریکا کی خباثت و مکاری کامیاب نہیں ہو گی، رہبر انقلاب

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف امریکا کی سازش اور مکاری کامیاب نہیں ہو سکے گی۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور یوم پاسدار کی مناسبت سے سپاہ پاسداران کے کمانڈروں اور جوانوں نیز ان کے اہل خانہ سے ملاقات میں اپنے خطاب میں فرمایا ہے کہ سپاہ پاسداران، مختلف میدانوں میں دشمن سے جنگ کے اگلے محاذوں پر ایک عظیم قوت ہے-

آپ نے فرمایا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی سے امریکا کی عداوت و دشمنی کی وجہ یہ ہے کہ سپاہ پاسداران، ملک اور انقلاب کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے-

آپ نے فرمایا کہ امریکی حکام اپنے اعتبار سے سپاہ کے خلاف اور درحقیقت انقلاب اور ایران کے خلاف سازشیں اور حیلہ گری کر رہے ہیں لیکن ان کی یہ خباثتیں کبھی بھی کارگر ثابت نہیں ہوں گی-

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکیوں کا مکر و حیلہ خود ان ہی کی طرف پلٹے گا اورٹرمپ نیز امریکا کا احمق حکمراں ٹولہ ذلت و پستی کے گڑھے میں گرتا جا رہا ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکا اور نادان دشمنوں نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران ان سے جو کچھ ہو سکتا تھا اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کیا، لیکن وہ ایران کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکے-

آپ نے فرمایا کہ سپاہ پاسداران، دشمن کے خلاف جنگ کے میدانوں اور سرحدوں کے دفاع میں حتی ایرانی سرحدوں سے ہزاروں کلو میٹر دور حضرت زینب کبری سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر کے اطراف میں بھی دشمن کے  مقابلے میں پیشقدمی جاری رکھے ہوئے ہے اور سیاسی مقابلے کے میدان میں بھی وہ دشمن کو پچھاڑ رہی ہے-

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف گذشتہ چالیس برسوں سے جاری دشمنوں کی سازشوں کے ساتھ ساتھ انقلاب کی پیشرفت کو ایرانی عوام کی ترقی و کامیابی کا راستہ روکنے میں امریکا کی بے بسی اور ناتوانی کی علامت قرار دیا اور فرمایا کہ ایران کے دشمنوں نے پچھلے چالیس برسوں کے دوران ایرانی عوام کے خلاف طرح طرح کا سیاسی، اقتصادی اور تشہیراتی دباؤ ڈالا لیکن وہ، اس وقت بھی کچھ نہیں بگاڑ سکے جب ایران کا اسلامی جمہوری نظام نیا نیا وجود میں آیا تھا- 

رہبر انقلاب اسلامی نے علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت و عظمت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمنوں کے تصور کے برخلاف اسلامی جمہوری نظام کی عزت و طاقت ایٹم بم کی وجہ سے نہیں ہے کیونکہ ہم نے پہلے دن سے اس بات پر تاکید کی ہے کہ ایٹمی ہتھیار دینی تعلیمات کے خلاف ہیں اور ہمیں ایٹمی ہتھیاروں کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بنابریں آج عالم اسلام کی نگاہ میں ایرانی عوام کی عزت و وقار ایرانی قوم کی استقامت، جذبہ فداکاری اور بصیرت کی بنا پر ہے۔

ٹیگس