ایران اور پاکستانی وزیراعظم کی جانب سے گوادر ہوٹل پرحملے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران اورپاکستان کےوزیراعظم نے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے گوادر میں دہشت گردوں کی جانب سے فائیو اسٹار ہوٹل پر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی گارڈ کی ہلاکت پرافسوس کا اظہار کیا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کےوزیراعظم عمران خان نے گوادر میں دہشت گردوں کی جانب سے فائیو اسٹار ہوٹل پر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی تعریف کی۔ عمران خان نے دہشت گردوں کےآپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
عمران خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے قیمتی جانوں کو بچایا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے اس حملے سے اقتصادی منصوبوں کوناکام بنانے کی کوشش کی گئی تاہم دہشت گرد عناصر کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہوٹل میں موجود مہمانوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل میں حملہ آوروں نے داخل ہوکر سیکیورٹی گارڈ پر فائرنگ کی جس سے وہ ہلاک ہوگیا جب کہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
کالعدم بی ایل اے نے پی سی ہوٹل گوادر پر حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حملے کا مقصد ہوٹل میں قیام کرنے والے چینی اور دیگر غیر ملکیوں کو نشانہ بنانا تھا۔