Jun ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی اقتصادی جنگ ہی علاقے میں تمام کشیدگیوں کا باعث، محمد جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے تہران میں جرمنی کے وزیرخارجہ ہایکو ماس سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران علاقے کے ملکوں کے ساتھ بات چیت کا خیر مقدم کرتا ہے لیکن ٹرمپ کی اقتصادی جنگ ہی علاقے میں تمام کشیدگیوں کا باعث ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے پیر کی رات اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا ہے کہ تہران جرمن وزیر خارجہ کے اس بیان کا خیرمقدم کرتا ہے کہ ایران کو اقتصادی فوائد پہنچانے کی غرض سے اطمینان دلانے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے-
جرمن وزیر خارجہ ہایکو ماس نے جو ایران کے اعلی حکام سے مذاکرات کے لئے پیر کو تہران پہنچے تھے، ایرانی وزیر خارجہ سے اپنی ملاقات میں کشیدگی کم کرنے کے لئے علاقے کے ملکوں کے درمیان بات چیت اور مذاکرات پر زور دیا-
جرمن وزیر خارجہ نے اپنے دورہ تہران میں ایران اور جرمنی کے تعلقات کی تازہ ترین صورتحال، ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد اور علاقائی اور بین الاقوامی حالات اور واقعات پر بات چیت کی-
دریں اثنا ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ دیرینہ تعلقات، ایٹمی معاہدے اور علاقے میں کشیدگی کم کرنے کے بارے میں مفید اور تعمیری بات چیت کی-
ترجمان وزارت خارجہ سید عباس موسوی نے کہا کہ امریکا کے غیر قانونی اقدامات اور وعدہ خلافیوں کے باوجود یورپ اور جرمنی اپنے عملی اقدامات کے ذریعے ایٹمی معاہدے کو باقی اور علاقے میں امن و استحکام کی تقویت میں مدد دے سکتے ہیں-
اس درمیان جرمن وزیر خارجہ ہایکو ماس نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور اپنے دورہ تہران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا-
جرمن وزیر خارجہ ہایکو ماس نے اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا کہ گذشتہ چند روز کے دوران ایران کے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ کافی گفت و شنید ہوئی ہے اور یہ بات واضح ہے کہ کوئی بھی جنگ کے حق میں نہیں ہے-
جرمن وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کا پابندہے-
جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ ہایکو ماس کا دورہ ایران مغربی ایشیا کے ملکوں کے ان کے دورے کا ہی ایک حصہ ہے اور انہوں نے اپنے اس دورے میں کشیدگی سے دوچار مغربی ایشیا میں ایران کے کردار اور ایٹمی معاہدے کے بارے میں گفتگو کی-
جرمن وزیر خارجہ نے ایک ایسے وقت ایٹمی معاہدے کو نجات دلانے کی کوشش کے ماحول میں ایران کا دورہ کیا ہے جب جرمنی اور دیگر یورپی ملکوں میں ایران اور امریکا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی اور ایٹمی معاہدے کے معاملے پر تہران کے جوابی اقدام پر تشویش پائی جارہی ہے-

 

ٹیگس