Jun ۲۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۴۷ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کی ایران و امریکہ سے امن برقرار رکھنے کی اپیل

اقوام متحدہ کے سیکریٹری نے ایران و امریکہ سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس کے ترجمان سٹیفن دجارک نے  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سبھی فریقوں سے ایسی کسی بھی کارروائی سے بچنے کی اپیل کی ہے، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ کشیدگی کو کم کرنے کا بہترین طریقہ تمام فریقوں کے درمیان مذاکرات کو بحال کرنا ہے۔

انٹونیو گوٹریس نے جاپان کے اوساکا میں اگلے ہفتے ہونے والے جی -20 چوٹی کانفرنس کے دوران مسٹر گوٹریس اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ مسٹر گوٹریس تمام فریقوں کو یہ پیغام پہنچانے کے لئے ہر موقع کا استعمال کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ نہ ہو۔ تاہم انہوں نے دونوں لیڈروں کے درمیان ملاقات ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

واضح رہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ملک کی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ایک دیو ہیکل امریکی ڈورن طیارے کو مار گرایا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق گلوبل ہاوک قسم کا دیوہیکل امریکی ڈرون طیارہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب  بارہ بجکر چودہ منٹ پر جنوبی خلیج فارس میں قائم ایک امریکی فوجی اڈے سے خاص مشن لے کر اڑا اور اس نے ایوی ایشن قوانین کے برخلاف اپنی شناخت بتانے والے تمام آلات خاموش کردیے اور انتہائی خفیہ طریقے سے آبنائے ہرمز کے راستے جنوب مشرقی ایران کے شہر چابہار کی جانب بڑھتا چلا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ امریکی ڈرون طیارہ واپسی پر آبنائے ہرمز کے مغربی علاقے سے اسلامی جمہوریہ  ایران کی فضائی حدود کے قریب معلومات جمع کرنے اور جاسوسی مشن میں مشغول تھا اور چار بج کر پانچ منٹ پر ایران کی فضائی حدود میں مکمل داخل ہوتے ہی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اینٹی ایئر کرافٹ یونٹ کا نشانہ بن کر تباہ ہوگیا۔

یاد رہے کہ گلوبل ہاک یا آر کیو فور سی قسم کا یہ ڈرون دنیا کا انتہائی ترقی یافتہ جاسوس طیارہ شمار ہوتا ہے اور اسکی قیمت دو سو ملین سے چار سو ملین ڈالر تک بتائی جاتی ہے۔

 

ٹیگس