ایران کو امریکہ کی اقتصادی دہشت گردی کے مقابلے کا حق ہے
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ تہران اپنے مفادات کو امریکہ کی اقتصادی دہشت گردی سے بچانے کے لیے ایٹمی معاہدے تحت قانونی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران ایٹمی معاہدے کی شق چھتیس کے تحت دوسرے مرحلے کے اقدامات انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کے تمام تر اقدامات، تین یورپی ملکوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے اپنے وعدوں کی تکمیل کی صورت میں قابل واپسی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور مذکورہ تینوں ملکوں نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکلنے سے پہلے اس پر عمل کیا اور نہ اب کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور یورپی ٹرائیکا کو کم سے کم ایٹمی معاہدے کی شق چھتیس کے تحت ایران کے اقدامات کی سیاسی اور اخلاقی حمایت کرنا چاہیے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یورپی ملکوں کے پاس ایٹمی معاہدے کی حفاظت اور امریکہ کے خودسرانہ اقدامات کے مقابلے میں ٹھوس سیاسی موقف اپنانے سے گریز کا کوئی بہانہ موجود نہیں ہے۔