دیکھئے، ایران نے کیسے برطانوی سمندری ڈکیتوں کا آئیل ٹینکر پکڑا + نیا ویڈیو
سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کے ایک سینئر کمانڈر نے برطانوی آئیل ٹینکر کے حراست میں لئے جانے کی تفصیلات بیان کی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر رمضان شریف نے اپنے بیان میں یہ بتایا کہ کس لئے اور کیوں، برطانیہ کے آئیل ٹینکر کو حراست میں لیا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں برطانوی آئیل ٹینکر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے برعکس سمت جا رہا تھا جبکہ دوسرے سمندری جہاز آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے جہازرانی اور بندرگاہ شعبے کی ہدایت پر برطانیہ کے آئیل ٹینکر کو پکڑا گیا ۔ سپاہ کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ برطانوی آئیل ٹینکر نے سمندری قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنا جی پی ایس سسٹم بند کر رکھا تھا اور وہ آبنائے ہرمز میں داخلے کی جگہ کے بجائے اکزیٹ پوائنٹ سے داخل ہو رہا تھا جس کے بعد بحریہ کے جوانوں نے بارہا انتباہ دیا تاہم وہ اپنے راستے پر گامزن رہا اس کے بعد بحریہ کے جوانوں نے کاروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے عبورکرنے والے ہر ٹینکر، کشتی اور جہازوں کو عالمی اور سمندری قوانین کی پاسداری کرنی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قوانین صرف علاقے تک محدود نہیں ہیں بلکہ دنیا کے دیگر آبی علاقوں میں بھی رائج ہیں ۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر رمضان شریف کا کہنا تھا کہ طبیعی ہے کہ علاقے میں غیر ملکی فوجیوں کے اشتعال انگیز اقدامات کی وجہ سے پیدا ہونے والی حساس صورتحال میں قوانین کا نفاذ بہت ضروری ہے۔
قبل ازایں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ صوبائی ڈائریکٹوریٹ جنرل پورٹ اینڈ شپنگ کی درخواست پر، آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا ارتکاب کرنے والے ایک برطانوی تیل بردار بحری جہاز اسٹینا ایمپیرو کو روک لیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ بحری جہاز کو روکے جانے کے بعد اسے ساحل کی جانب لے جایا گیا اور قانونی مراحل کی تکمیل کی غرض سے صوبہ ہرمزگان کے پورٹ اینڈ شپنگ ڈائریکٹوریٹ جنرل کی تحویل میں دے دیا گیا۔
قبل ازیں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جمعرات کے روز عدالتی حکم کے تحت خلیج فارس کے علاقے سے تیل کی اسمگلنگ میں ملوث ایک اور غیر ملکی بحری جہاز کو پکڑ لیا تھا۔سپاہ پاسداران نے یہ کارروائی قومی مفادات کے تحفظ اور سمندری اسمگلنگ کے مقابلے کی غرض سے اپنی قانونی ذمہ داریوں کے تحت انجام دی ہے۔جہاز رانی سے متعلق انیس سو بیاسی کے کنوینشن کے مطابق کوئی بھی فوجی جہاز، آزاد سمندری حدود میں عالمی قوانین کے نفاذ کی غرض سے، جہاز رانی کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی غیر فوجی اور غیر سرکاری بحری جہاز کو روک سکتا ہے۔