Oct ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۱:۴۴ Asia/Tehran
  • صدر روحانی اور پوتین کی علاقائی اور عالمی مسائل پر گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے صدور نے دوجانبہ اور علاقائی اور عالمی مسائل پر گفتگو کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے روس کے صدر ولادیمیر پوتین سے آرمینیا کے دارالحکومت ایروان میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے صدور نے ایران جوہری معاہدے کی تازہ ترین صورتحال سمیت خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور ہرمز امن منصوبے سے متعلق بات چیت کی۔

اس موقع پر ایرانی صدر نے بین الاقوامی مسائل کے حل کیلئے جوہری معاہدے کو کامیاب سفارتکاری کی مثال قرار دیتے ہوئے اس معاہدے کے دیگر اراکین سے اپنے کیے گئے وعدوں پر من وعن عمل کرنے کا مطالبہ کیا۔

صدر روحانی نے مزید کہا کہ توقع کی جاتی ہے کہ جوہری معاہدے کے تمام رکن ممالک اس بین الاقوامی معاہدے کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔

ایران کے صدر نے مزید کہا کہ علاقے میں قیام امن و استحکام اور آبنائے ہرمز میں آزاد اور پُرامن کشتی رانی کیلئے حالات سازگار بنانا اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی کا اہم جز ہے اور خلیج فارس میں پائیدار قیام امن و سلامتی خطے کے ممالک کے تعاون سے فراہم ہوگا۔

صدر روحانی نے ہرمز امن منصوبے کی وضاحت کرتے ہوئے اس منصوبے کوآبنائے ہرمز میں رہنے والوں کی خوشحالی اور ترقی سمیت ان کیلئے پُر امن ماحول کی فراہمی اور ان کے درمیان دوستانہ تعلقات کے قیام کیلئے ضروری قراردیا۔

 اس موقع پر روسی صدر نے ایران جوہری معاہدے کی بھر پورحمایت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک اس معاہدے کے دیگر اراکین کیجانب سے اپنے کیے گئے وعدوں پر پوری طرح عمل کرنے کیلئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

انہوں نے  اقتصادی یونین سے ایران کے با ضابطہ تعاون کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے کے فروغ کیلئے اہم قراردیا۔

ٹیگس