Dec ۰۲, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۶ Asia/Tehran
  • علاقے کے ملکوں کے ساتھ بات چیت کے لئے تہران پرعزم ہے، وزیرخارجہ ظریف

ایران کے وزیرخارجہ نے علاقے کے سبھی ملکوں کے ساتھ گفت و شنید کے لئے ایران کے عزم کو انتہائی پختہ بتایا اور کہا ہے کہ ہر مز پیس پلان اسی تناظر میں پیش کیا گیا ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے پیر کو تہران میں عمان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی سے ملاقات میں خطے میں کشیدگی کو کم اور خاص طور پر یمن کے بحران کے خاتمے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ایران ہر اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے جو نیک نیتی کے ساتھ علاقے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لئے انجام دیا جائے اور تہران اس سلسلے میں ہر طرح کی مدد دینے کے لئے بھی تیار ہے۔

وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے عمان کے تعمیری اور مثبت کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تہران اور مسقط کے تعلقات کو انتہائی دوستانہ اور مستحکم قراردیا اور تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں توسیع پر زور دیا -

عمان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی نے بھی کہا کہ علاقے کی صورتحال باہمی افہام و تفہیم اور بات چیت کی متقاضی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں علاقے کے سبھی بااثر ملکوں کی شرکت سے ایک وسیع البنیاد کانفرنس کا انعقاد ضروری ہے۔ عمان کے وزیرخارجہ پیر کو ایران کے دورے پر تہران پہنچے ہیں۔

ٹیگس