Dec ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس شروع

ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا چودھواں اجلاس ویانا میں شروع ہوگیا ہے جس میں معاہدے کے رکن ممالک اور یورپی یونین کے نمائندے شریک ہیں۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کے سینئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی اور یورپی یونین کی ڈپٹی فارن پالیسی چیف ہیلگا اشمد اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں۔

اجلاس میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس اور چین کے نائب وزرائے خارجہ اور سیاسی امور کے اعلی عہدیدار شریک ہیں۔ مشترکہ کمیشن کا اجلاس ایسے وقت ہو رہا ہے جب ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی سطح میں کمی کے چوتھے مرحلے کے آغاز کو ایک ماہ کا عرصہ مکمل ہو رہا ہے۔

جرمنی، برطانیہ اور فرانس نے وعدہ کیا تھا کہ وہ معاہدے سے امریکا کے نکلنے سے ہونے والے نقصان کی تلافی اور ایران کے اقتصادی مفادات کے تحفظ کی ضمانت فراہم کریں گے۔ ایران نے یورپی وعدوں کی تکمیل کا ایک سال تک انتظار کیا اور پھر معاہدے کی شق نمبر چھبیس اور چھتیس کے مطابق، اس معاہدے پر عمل درآمد میں کمی کا مرحلے وار آغاز کردیا ایران اب تک اس سلسلے میں چار مراحل انجام دے چکا ہے۔

یاد رہے کہ ایٹمی معاہدے کی شق نمبر چھبیس اور چھتیس کے مطابق ایران کو یہ حق حاصل ہے کہ اگر معاہدے کا کوئی دوسرا فریق اس پر عمل نہ کرے تو وہ بھی جزوی یا مکمل طور پر اس پر عمل درآمد روک دے۔

ٹیگس