حسینیہ امام خمینی میں شہدائے استقامت کی مجلس ترحیم
سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی ، عظیم مجاہد شہید ابو مہدی المہندس اور ان کے دیگر شہید ساتھیوں کی مجلس ترحیم حسینیہ امام خمینی میں رہبرانقلاب اسلامی کی موجودگی میں منعقد ہوئی -
حسینیہ امام خمینی میں منعقدہ شہداے محاذ استقامت کی اس مجلس ترحیم میں رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای ، ملک کی اعلی سول اور فوجی شخصیات اور عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی -
مجلس ترحیم کے خطیب نے سردارمحاذ استقامت جنرل شہید قاسم سلیمانی اور دیگر شہدا کی خصوصیات اور ان کی فداکاریوں پر روشنی ڈالی ۔
شہدائے استقامت اور خاص طور پر سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کی مظلومانہ شہادت کی مناسبت سے ایران کے مختلف شہروں میں مجالس ترحیم اور تعزیتی جلسوں اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایران کے مختلف شہروں سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ ان جلوسوں میں لوگوں نے شہدا اور خاص طور پر شہید سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے لگائے اور اس بات کا اعلان کیا کہ ہم شہید کے خون کا انتقام علاقے سے امریکی فوجوں کو باہر نکال کر لیں گے -
رہبرانقلاب اسلامی کی طرف سے قم میں بھی سنیچر کے دن نماز مغرب اور عشا کے بعد حضرت معصومہ (س) کے حر م مطہر میں مجلس ترحیم منعقد ہوگی۔