یورپ کا اقدام اسٹریٹجک غلطی ہے: جواد ظریف
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تنازعات کے حل کے لئے یورپ کا اقدام قانونی اور سیاسی لحاظ سے ایک اسٹریٹجک غلطی ہے.
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے گزشتہ روز نئی دہلی کے دورے کے موقع پر جرمنی کے خارجہ امور کے وزیر مملکت نیلس آنن کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جوہری معاہدے کے وعدوں سے متعلق یورپ کی بدعہدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے حل کے لئے یورپ کا اقدام قانونی اور سیاسی لحاظ سے ایک اسٹریٹجک غلطی ہے.
اس ملاقات میں نیلس آنن نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ہمارا مقصد عالمی جوہری معاہدے کا تحفظ ہے اور تین یورپی وزرائے خارجہ کے خط کا مطلب اس معاہدے کی تباہی نہیں ہے.
فریقین نے اس ملاقات کے دوران جوہری معاہدے پر عملدرآمد کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا.
واضح رہے کہ تین یورپی ممالک برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے منگل کے روز ایک مشترکہ بیان میں جوہری معاہدے کے اختلافات کے حل کے میکنیزم پر کام کرنے کا اعلان کیا تھا.انہوں نے دعوی کیا کہ ان کا مقصد جوہری معاہدے کی تباہی نہیں اور ایران مخالف امریکہ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی سے منسلک نہیں ہوں گے.
یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف گزشتہ رات پانچویں رائے سینا ڈائیلاگ فورم کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لئے نئی دہلی پہنچے.اس کانفرنس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ اپنے ہندوستانی اور دوسرے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔