ایران ایک آزاد اور خودمختار لبنان کا خواہاں ہے: علی لاریجانی
ایران کے اسپیکر نے کل رات بیروت پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ایران ایک آزاد اور خودمختار لبنان کا خواہاں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکرعلی لاریجانی نےجو ایک وفد کی قیادت میں لبنان کے دارالحکومت بیروت کے دورے پر ہیں کل رات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لبنانی وزیر اعظم حسان دیاب کی سربراہی میں نئی حکومت بنانے پر لبنانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہا ایران نے لبنان کے ساتھ ہمیشہ اچھے اور دوستانہ تعلقات کو برقرار رکھا ہے.
علی لاریجانی نے کہا کہ لبنان کے ایک روزہ دورہ کا مقصد باہمی تعلقات، علاقائی مسائل اور فلسطینی مسئلے کے لیے لبنانی قومی پارلیمنٹ اور اس ملک کے دیگر حکام کے ساتھ ملاقات کرنا ہے.
لبنان کے ائرپورٹ پہنچنے پر ایرانی سفیر، ایرانی ثقافتی اتاشی اور ایرانی ناظم الامور اور لبنانی حکام بشمول لبنانی پارلیمنٹ کے رکن ہانی قبیسی نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی اسپیکرآج پیر کے روز حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ، لبنانی ثقافتی اور سیاسی ماہرین، فلسطینی گروپوں، لبنانی صدرمیشل عون، لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکرنبیہ بری اور لبنانی وزیر اعظم حسان دیاب کے ساتھ گفتگو کے علاوہ ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے.