Mar ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے: اعلیٰ ثقافتی کونسل

ایران کی اعلی ثقافتی کونسل نے ہندوستان میں مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اس طرح کے جرائم کے خلاف ٹھوس کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایران کی اعلی ثقافتی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ایسے وقت جب دنیا کرونا وائرس سے برسر پیکار ہے ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ عدم رواداری اور انتہا پسندی کی بیماری نے پوری دنیا کے لوگوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے-

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے مسلمانوں نے پوری تاریخ میں ملک کی دیگر اقوام کے ساتھ پرامن اور بھائی چارے کی زندگی گذاری ہے اور بر صغیر کی تہذیب و تمدن کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اب جب یہی مسلمان شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں تو انہیں انتہا پسند ہندوؤں کے خونیں حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے-

ایران کی اعلی ثقافتی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ہندوستان کے فسادات کے بارے میں عالمی میڈیا میں جو کچھ آرہا ہے اس سے بلا شبہہ یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں نسل کشی کی جارہی ہے اور انسانیت کے خلاف کھلے جرائم کا ارتکاب ہورہا ہے-

بیان میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ہندوستان کے فسادات میں ہوئے انسانوں کے قتل عام پر اپنا ردعمل ظاہر کریں اور اس طرح کے جرائم کی روک تھام کے لئے اپنی پوری توانائی بروئے کار لائیں-

ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ سی اے اے ، این آرسی اور این پی آر کے خلاف گذشتہ برس دسمبر سے ہی دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔

اس درمیان گذشتہ چوبیس فروری کو دہلی کے شمال مشرقی علاقے جعفرآباد میں سی اے اے کے خلاف دھرنے کی مخالفت میں انتہا پسند ہندوؤں کے اشتعال انگیز بیانات اور تقریروں کے بعد حالات بگڑتے چلے گئے اور تین روز تک یہ علاقہ فسادات کی آگ میں جلتا رہا۔

مذکورہ علاقے میں پھوٹنے والے فسادات کے دوران سیکڑوں مکانات اور دوکانوں کو نذر آتش کردیا گیا- فسادات کے دوران پچاس سے زائد افراد مارے گئے جن میں بیشتر مسلمان ہیں- بلوائیوں نے مساجد کو بھی نہیں چھوڑا اور حتی وہ بوڑھی خواتین اور بچیوں کو بھی قتل کرنے سے باز نہیں آئے-

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بھی ہندوستان کے مظلوم مسلمانوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک ٹوئیٹ میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے قتل عام پر ساری دنیا کے مسلمانوں کے دل مجروح ہوئے ہیں۔ ٹوئیٹ میں حکومت ہندوستان سے کہا گیا ہے کہ وہ انتہا پسند ہندووں اور ان کی حامی جماعتوں کے مد مقابل کھڑی ہوجائے اور مسلمانوں کا قتل عام بند کراکے، خود کو عالم اسلام میں الگ تھلگ ہونے سے بچائے۔

رہبر انقلاب کے علاوہ ایران کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی مسلمانوں کے خلاف ہونے والے انتہا پسند ہندوؤں کے حملوں کی  مذمت کی ہے -

ٹیگس