ایران پوری ذمہ داری سے کورونا وائرس کا مقابلہ کر رہا ہے: عالمی ادارہ صحت
Mar ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۰ Asia/Tehran
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پوری ذمہ داری سے کورونا وائرس کا مقابلہ کر رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کا ایک اعلی سطحی وفد ایران کے دورے پر ہے ۔ ڈبلیو ایچ او کے وفد کے سربراہ ریچرڈ برینن نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پوری ذمہ داری کے ساتھ کورونا وائرس کی روک تھام کر رہا ہے ۔
ریچرڈ برینن نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے قم کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سنیچر کی شام قم کے گورنر بہرام سرمست سے ملاقات میں کہا کہ ایران میں کورونا وائرس کا پہلا کیس انیس فروری کو درج کیا گیا اور اس کے فورا بعد سے ہی اسلامی جمہوریہ ایران اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
ریچرڈ برینن نے تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ایران کی وزارت صحت ، صحیح راستے پر آگے بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے کورونا وائرس کے تعلق سے اطلاع رسانی اور اس کی تشخیص کے لئے لیبارٹریز اور علاج کے سلسلے میں حیرت انگیز پیشرفت کی ہے۔
وزارت صحت کے اعلان کے مطابق ایران میں اب تک ایک ہزار چھے سو انہتر افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔
اُدھر امریکی سیاستدانوں نے کورونا وائرس کی روک تھام کے تعلق سے امریکی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ چنانچہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خود امریکی سیاستدانوں کی جانب سے ہونے والی نکتہ چینی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، ٹرمپ حکومت کے فریبکارانہ رویہ پر تنقید کی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے اپنے ایک ٹوئیٹر ہولڈر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے اور لکھا ہے کہ امریکی سیاستدان کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت پر تنقید کر رہے تھے۔
انہوں نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جب کسی پر الزام لگانے کے لئے انگلی اٹھاتے ہیں تو آپ کی دیگر تین انگلیاں، خود آپ کی جانب اشارہ کر رہی ہوتی ہیں۔
انہوں نے کورونا وائرس کی روک تھام میں امریکی حکومت کی دھوکے بازی اور مکاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بد انتظامی، دھوکہ بازی اور جھوٹ کا شکار اور اس حد تک اشتعال انگیز اور حواس باختہ ہے کہ انسانیت کے تحفظ اور کورونا وائرس کی روک تھام کے تعلق سے ایران کی قربانیوں اور جدوجہد کے خلاف بیہودہ الزامات لگا رہی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپئو نے حال ہی میں بے بنیاد دعوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کورونا وائرس سے متعلق حقائق کو چھپا رہا ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک تین سو پچپن امریکی، کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ سترہ افراد کے ہلاک ہونے کی بھی خبر ہے۔
کورونا وائرس نے دسمبر دوہزار انیس میں چین کے شہر ووہان سے سر اٹھایا جو اس وقت دنیا کے سو سے زائد ملکوں میں سرایت کر چکا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب دنیا بھر میں ایک لاکھ ایک ہزار افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے تین ہزار چھے سو سے زیادہ اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔