Mar ۱۷, ۲۰۲۰ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • یونیسیف کی تیسری امدادی کھیپ ایران پہنچ گئی

کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقوام متحدہ کے فنڈ برائے اطفال کی تیسری امدادی کھیپ ایران پہنچ گئی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایران میں کوویڈ-19 کے خلاف مقابلہ کرنے کیلئے بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے دی گئی امداد کے سلسلے میں پیر کے روز بین الاقوامی فنڈ برائے اطفال یونیسیف کی تیسری امدادی کھیپ ایران پہنچ گئی جو ادویات اور حفظان صحت سے متعلق مصنوعات اوراشیاء پر مشتمل ہیں۔

یونیسیف کیجانب سے دی گئی امداد میں طبی سہولیات کے علاوہ فارسی زبان میں بچوں کیلئے کورونا وائرس کے حفاظتی تدابیر اور گھر میں بچوں کیلئے مناسب اور پُرامن ماحول کی فراہمی سے متعلق رہنما اصول پر مبنی لٹریچر بھی شامل ہے۔

اس سے قبل کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے متحدہ عرب امارات، چین، ترکی، جرمنی، ازبکستان، برطانیہ، فرانس، جاپان، قطر، آذربائیجان اور روس نے امدادی طبی اشیاء ایران کیلئے ارسال کی تھیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایرانی محکمہ صحت کے مطابق اب تک مجموعی طور پر ملک کے اندر14 ہزار 991 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں کہ جن میں سے 4 ہزار 996 افراد صحت یاب ہوئے اور 853 افراد انتقال کرگئے ۔

عالمی وبا کورونا وائرس سے 152 ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار ہوگئی ہے جب کہ دنیا بھر میں اموات کی تعداد 7 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

ٹیگس