انسداد کورونا مہم جاری،1 کروڑ 40 لاکھ کی اسکیننگ مکمل
Mar ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
ایران کی مسلح افواج کے تمام یونٹ، منجملہ بری فوج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی عوامی رضاکار فورس بسیج بھی اپنی بھرپور توانائیوں اور گنجائشوں کے ساتھ کورونا وائرس کے خلاف قومی مہم میں وزارت صحت کے باضابطہ طور پر ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔
ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف قومی مہم کے دوران ملک بھر میں ایک کروڑ چار لاکھ افراد کی اسکیننگ کی جا چکی ہے جن میں سے تقریبا ایک ہزار چھے سو کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ ایران کے وزیر صحت نے واضح کیا کہ ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جاری قومی مہم کے تحت ایسے افراد کو بھی آبزرویشن میں رکھا گیا جن کے کورونا میں مبتلا ہوجانے کا امکان پایا جا رہا تھا اور انہیں بھی مکمل معائنے اور اطمینان کے بعد طبی مراکز سے رخصت کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی مہم کے نتیجے میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اسپتالوں سے رجوع کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
ادھر ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ ہوائی اڈوں کے ساتھ ساتھ اب ملک بھر کے بس ٹرمنلوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھی کورونا اسکیننگ کا آغاز کردیا گیا ہے جس کا مقصد کورونا وائرس کے نئے کیسوں کا پتہ لگانا ہے۔
دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے تہران میں بائیولوجیکل ڈیفینس ہیڈکوارٹر اور کنٹرول روم کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں قائم ہماری زمینی فورس کے بیس اسپتال اور نو فیلڈ اسپتال پوری طرح سے انسداد کورونا مہم میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سپاہ پاسداران کی بحری فورس نے اپنے چار اسپتال اور چار فیلڈ اسپتال کورونا وائرس کے خلاف قومی مہم کے لیے مختص کردیئے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے مزید کہا کہ ہر صوبے میں موجود ہماری کور کے تمام افسران اور اہلکار جنگی پیمانے پر صوبائی میڈیکل اتھارٹی کے ساتھ پوری طرح تعاون کر رہے ہیں۔
درایں اثنا ایران کی بری فوج کے بائیولوجیکل ڈیفینس ہیڈ کوارٹر نے اتوار سے ملک بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ کورونا وائرس کے خلاف بائیولوجیکل ڈیفینس مشقوں کو مسلح افواج کے ہیلتھ اینڈ ٹریٹمنٹ بیس کی نگرانی میں انجام دیا جا رہا ہے۔
ایران بھی دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح کورونا وائرس سے دوچار ہے۔
امریکہ کی جانب سے اقتصادی دباؤ اور تجارتی لین دین پر عائد کی جانے والی غیر قانونی پابندیوں اور اقدامات کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران قومی اور ملی عزم کے ساتھ کورونا وائرس کا مقابلہ کر رہا ہے۔
امریکہ ظالمانہ پابندیوں کے ذریعے ایران کو لازمی طبی وسائل اور دواؤں کی ترسیل تک میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے جو کھلی اقتصادی اور طبی دہشت گردی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران ایسے سخت ترین حالات میں بھی طبی خدمات کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کو معاشی حمایت بھی فراہم کر رہا ہے، جبکہ خود امریکہ اور بہت سے یورپی ممالک کورونا کے بحران سے نمٹنے کے حوالے سے بدانتظامی کا شکار ہیں اور ان ملکوں میں طبی وسائل اور اشیائے صرف کی قلت کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔