ایران پر پابندیاں لگانے والے انسانیت کے قاتل ہیں!
Mar ۱۹, ۲۰۲۰ ۲۱:۱۹ Asia/Tehran
ایرانی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ جو ممالک اس وقت ایران کے لئے دواؤں اور طبی وسائل کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہی نہیں کررہے ہیں بلکہ انسانیت کو قتل کر رہے ہیں۔
ایرانی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے سیکریٹری علی باقری کنی نے امریکی اتحادیوں بالخصوص یورپی ملکوں پر امریکا کی غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں پر عمل در آمد کی وجہ سے سخت تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ بعض یورپی ملکوں میں امریکا کی ایران مخالف اقتصادی دہشت گردی کا دائرہ کھانے پینے کی چیزوں ، دواؤں اور طبی وسائل تک پہنچ گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایک یورپی ملک جو اس سے پہلے، ایران کے خلاف غیر انسانی قرار داد کا بانی بن چکا ہے، اس وقت ایران کے لئے دواؤں اور طبی وسائل حتی ایک مخصوص بیماری کی مخصوص بینڈیج کی ترسیل میں بھی رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یورپ والے خود کو انسانی حقوق کا علم بردار کہتے ہیں ، انہیں شرم آنا چاہئے کہ موجودہ حالات میں جب ہر جگہ کورونا وائرس پھیل رہا ہے، اس طرح کے غیر انسانی اقدامات کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جو ممالک کورونا وائرس کے خلاف مہم میں ایران کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ہیں، وہی دنیا میں اس وحشتناک وائرس کے پھیلنے کے ذمہ دار ہیں۔ ایرانی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے سیکریٹری نے کہا کہ وہ یورپی حکام اور بین الاقوامی اداروں کے ذمہ داران، جو ایران کے لئے دواؤں کی سپلائی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ، وہ امریکا کے جرم میں برابر کے شریک ہیں۔