Mar ۲۷, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۷ Asia/Tehran
  •  اقوام متحدہ نے افغانستان سے جنگ بندی کی اپیل کی، ایران نے خیر مقدم کیا

ایران کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے افغانستان میں ہمہ گیر جنگ بندی کی اپیل کا خیر مقدم کیا ہے۔

 تہران میں دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا بھر میں جنگوں کے خاتمے اور کورونا کے خلاف مہم  سے متعلق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوترس کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہے۔ بیان میں آیا ہے کہ چالیس سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے والے پڑوسی ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران، افغانستان کی موجودہ صورتحال کو پوری طرح سمجھتا ہے۔ 
ایران کی وزارت خارجہ نے افغانستان کے تمام مسلح دھڑوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ملک گیر جنگ بندی کا جرأت مندانہ فیصلہ کریں اور کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے پرامن ماحول فراہم کرکے، افغانستان کی تاریخ  کا نیا باب رقم کریں۔ 
ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پوری نیک نیتی کے ساتھ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو آگے بڑھائیں اور اس بین الافغانی مذاکرات کا راستہ ہموار کرنے کی کوشش کریں۔ 
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہر ایسی تجویز اور سیاسی اقدام میں مدد دینے کے لیے تیار ہے جو افغانستان میں جنگ بندی اور امن کے قیام پر منتج ہو۔ 

ٹیگس