سعودی عرب الزام تراشی سے اپنی شکستوں کا ازالہ نہیں کر سکتا: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف جارحیت کرنے والوں کے اتحاد کو چاہیے کہ خیالی پلاؤ پکانے کے بجائے زمینی حقائق پر توجہ دیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے یمنی سرزمین کے خلاف جارحیت کرنے والوں کے اتحاد کے ترجمان کے حالیہ بے بنیاد بیانات اور ایران مخالف الزامات کے رد عمل میں کہا کہ یمن کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو زمینی حقائق، یمنی عوام کی مزاحمت اور سعودی عرب سے بین الاقوامی برادری کی نفرت پر توجہ دینا چاہیے۔
سید عباس موسوی نے ایران کے خلاف سعودی اتحاد کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے چند ہفتوں کے اندر فتح کرنے کے خیال سے یمنی سرزمین کے خلاف جارحیت کا آغاز کیا اور وہ اب پانچ سالوں کے لئے اپنی اس غلطی پر زور دے رہا ہے حالانکہ اس کے اس اقدام کا نتیجہ یمنی عوام کے قتل عام اور تباہی کے سوا کچھ اور نہیں نکلا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ان کو اب یہ بات سمجھ میں آنی چاہئیے کہ وہ الزام تراشی اور دوسروں کے خلاف الزام لگانے سے اپنی سیاسی اور فوجی شکستوں کا ازالہ نہیں کرسکتے ۔
انہوں نے ایک بار پھر یمن میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کے سربراہ کی تجویز پر زور دیا جنہوں نے یمن میں سیز فائر کی تجویز دی تھی۔
موسوی نے یمن کے خلاف جارحیت کرنے والوں سے اسٹاک ہوم معاہدے پر قائم رہنے سمیت یمن میں تباہ کن جنگ اور جنگی جرائم کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔