کورونا سے مقابلہ کرنے کیلئے اوپیک کی ایران کو مالی امداد
ایرانی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اوپیک نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری طبی ساز و سامان کی فراہمی کیلئے ایران کو 5 لاکھ ڈالر کی مالی امداد دینے کی منظوری دی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خزانہ کے مطابق عالمی ادارہ صحت، اوپیک کی مالی امداد سے ایران میں طبی ساز و سامان خریدے گا۔
ادھر چین کے مسلمانوں نے بھی کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے بیجنگ میں واقع ایران کے سفارتخانے میں اپنی امداد جمع کرا دی ہے۔
یاد رہے کہ چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے موقع پر ایران کے عوام اور حکومت نے انسانی ہمدردی کے ناطے چین کی طبی مدد کی تھی اور طبی امداد چین کیلئے ارسال کی تھی۔
واضح رہے کہ ایرانی محکمہ صحت کے مطابق اب تک ملک میں مجموعی طور پر50468 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جن میں سے 3160 افراد کا انتقال ہوگیا ہے جبکہ 16711 متاثرہ افراد بھی صحت یاب ہوگئے ہیں۔