Apr ۱۳, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • ظریف اور گوترش کی گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دوسری گفتگو

ایران کے وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے ٹیلی فونک گفتگو میں یمن میں جنگ بندی کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریش کے ما بین اتوار کی رات ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یمن میں جنگ بندی کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور کوششوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ نے یمن میں جنگ بندی کا تسلسل جاری رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یمنی بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے پائیدار جنگ بندی کو یمنی بحران کے سیاسی حل کا پیش خیمہ قرار دیا۔

جواد ظریف نے افغانستان کے سیاسی بحران کے حل اور افغان امن عمل کی پیشرفت میں ایران کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے حالیہ دونوں میں اشرف غنی، عبدالله عبدالله اور حنیف اتمر سے اپنے ٹیلی فونک رابطوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل  نے سنیچر کی رات بھی یمن کی تازہ ترین صورتحال اور ایران مخالف امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں سے متعلق بات چیت کی تھی۔

ٹیگس