Apr ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • میدان جنگ ہو یا میدان صحت، مسلح افواج مکمل تیار ہیں

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے فوج کے قومی دن کی مناسبت سے کہا ہے کہ ایرانی فوج مکمل تیاری کے ساتھ منظم طریقے سے ہمیشہ سے زیادہ کامیابی کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔ سترہ اپریل کو امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے فوج کا قومی دن قرار دیا تھا

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل باقری نے ایرانی فوج کے قومی دن کی مناسبت سے فوج کے سربراہ جنرل سید عبدالرحیم موسوی سے ملاقات میں انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایران کی فوج اپنی دفاعی توانائیوں اور تیاریوں کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ پوری قوت کے ساتھ کورونا بیماری کے دوران ایرانی عوام کی مدد کر رہی ہے اور اس نے اس راہ میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا ہے-

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ کورونا بیماری کے تعلق سے خواہ سڑکوں شہروں اور آلودہ علاقوں میں جراثیم کش دواؤں کے چھڑکاؤ اور صفائی کی بات ہو یا شاہراہوں پر لوگوں کی آمد و رفت کو کنٹرول کرنے کا معاملہ ہو یا پھر اسپتالوں میں بیماروں کی دیکھ بھال کی بات ہو، فوج ہر جگہ ایرانی عوام کے تحفظ کے لئے ملک کے میڈیکل افسران ڈاکٹروں نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے شانہ بشانہ کھڑی ہے-

انہوں نے ملک میں کورونا سے متاثرین کی مدد کے لئے خدمت مومنانہ مہم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فوج پورے ملک میں امدادی اداروں کے ساتھ لوگوں کی مدد کرنے کے لئے اپنی افرادی قوت اور دیگر وسائل بروئے کار لانے کے لئے تیار ہے-

واضح رہے کہ سترہ اپریل کو امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے فوج کا قومی دن قرار دیا تھا لیکن اس سال کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب فوج کی پریڈ نہیں ہوسکی ہے تاہم اس کی جگہ فوج کے جوان پورے ملک میں کورونا کو لگام دینے کی مہم میں شریک ہیں-

اس درمیان ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل حسین خانزادی نے کہا ہے کہ مسلح افواج جوہری آبدوز کی تیاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وزارت دفاع کے ماہرین جوہری آبدوز بنانے کی پوری توانائی رکھتے ہیں- انہوں نے کہا کہ ملک کے سبھی ادارے ایٹمی سرگرمیوں سے متعلق وضع کئے گئے قواعد اور اصول کے مطابق ایٹمی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور کوئی بین الاقوامی معاہدہ پر امن مقاصد کے تحت ایٹمی توانائی کے استعمال سے نہیں روکتا۔

ایرانی بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ اگر اپنے دفاع کے لئے دفاعی توانائی اور آمادگی نہ ہو تو پھر امن اور استحکام بھی برقرار نہیں ہوسکتا، اسی لئے ایران کی مسلح افواج پوری قوت کے ساتھ میدان میں موجود ہیں تاکہ امن و استحکام برقرار رہے-

ریئر ایڈمیرل خانزادی نے مغربی ایشیا میں امریکا کے طیارہ بردار بحری بیڑے اور ایران کے اطراف میں اس کی جوہری آبدوزوں کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے اور کوئی بھی طاقت امن و استحکام کی برقراری کے لئے ایران کو اس ٹیکنالوجی تک رسائی سے نہیں روک سکتی-

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے بھی ایران میں فوج کے قومی دن کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف میدانوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کی موجودگی نے دشمنوں کو مایوس اور ان پر خوف طاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی فوج ایرانی عوام کے لئے امن و استحکام کی ضامن ہے اور دشمن ہمیشہ ایرانی فوج سے خائف رہا ہے-

ٹیگس