Apr ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • امریکی عوام کی مدد کو تیار ہیں: وزیر صحت

ایران کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ موجودہ بحرانی صورت حال سے باہر نکلنے میں حکومت امریکہ کی ناتوانی کو دیکھتے ہوئے اس برے وقت میں ہم امریکی عوام کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔

ایران کے وزیر صحت سعید نمکی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ آج امریکی وزیر صحت عالمی ادارہ صحت کے اجلاس میں دعوی کر رہے ہیں کہ امریکہ کورونا وائرس کا مقابلہ کئے جانے کے سلسلے میں ایران کی مدد کرنے کے لئے تیار ہے مگر جیسا کہ ہم نے اس قسم کے کھوکھلے اور جھوٹے دعوے کے جواب میں اعلان بھی کیا ہے کہ خداوند متعال کے لطف و کرم سے آج ایران کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں بہت بہتر پوزیشن میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ بات کسی پر پوشیدہ نہیں ہے کہ کورونا وائرس کے مقابلے میں امریکہ کی اس وقت کیا صورت حال ہے اور اس برے وقت میں ایران، امریکی عوام کی مدد کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں اس وقت ساڑے آٹھ لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جبکہ تقریبا اڑتالیس ہزار افراد اس وبا کے سبب لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔

اُدھر دوسی جانب وزیر صحت نے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ ہونے والی ویڈیو کانفرنس میں کہا ہے کہ ایران میں انّیس فروری کو کورونا وائرس کے پہلے مثبت ٹیسٹ کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اس وبا میں مبتلا افراد کی تلاش کے لئے ملک بھر میں سرگرمیاں تیز ہوگئی تھیں۔

انھوں نے ایران میں کورونا وائرس میں مبتلا اور اس سے اموات میں کمی واقع ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف قومی سطح پر چلائی جانے والی مہم کے دوران سات کروڑ، دس لاکھ سے زائد لوگوں تک مختلف طریقوں سے پہنچا گیا اور ان کی اسکریننگ کی گئی۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کی وزارت صحت نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ ایران میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے تقریبا چھیاسی ہزار افراد میں سے چونسٹھ ہزار آٹھ سو تینتالیس افراد، صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے واپس گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

ٹیگس