فوج ضرورت کا ساز و سامان خود تیار کرتی ہے: ایڈمیرل سیاری
ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر نے دماوند بحری بیڑے کے پروجیکٹ کا معائنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اس مقام پر پہنچ گئی ہیں کہ وہ اپنی ضروریات کا سارا ساز و سامان خود ہی تیار کرتی ہیں۔
ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے اتوار کے روز بندر انزلی میں وزارت دفاع کی بحری صنعتوں کی تنظیم کے جاری مختلف پروجیکٹوں اور تباہ کن دماوند بحری بیڑے کی تیاری میں جاری پیشرفت کا قریب سے جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایڈمیرل سیاری نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی برکت اور خود اعتمادی سے سرشار ایران کے نوجوان ماہرین کی دن رات کی محنت کے نتیجے میں تمام شعبوں میں ملکی مفادات کا بخوبی دفاع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف سخت ترین پابندیوں کے باوجود ملک کی دفاعی ترقی و پیشرفت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ بحری صنعتوں میں ایرانی نوجوانوں کی خوداعتمادی کی بنا پر ایران اب اس پوزیشن میں آگیا ہے کہ اسے کسی بھی چیز کی کمی و قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔