May ۰۵, ۲۰۲۰ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  • لبنان و افغانستان نے ایران کی قدردانی کی

لبنان نے ایران کی جانب سے کورونا ٹیسٹ کٹس اور وینٹی لیٹر بھیجے جانے کے اقدام کو دونوں ملکوں کے درمیان گہری دوستی کا ثبوت قرار دیا ہے۔

ایران کی جانب سے لبنان کے لئے روانہ کی جانے والی کورونا ٹیسٹ کٹس اور وینٹی لیٹر سمیت مختلف طبی وسائل پیر کو بیروت کو پہنچ گئے۔

اس موقع پر بیروت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لبنان کے وزیر نقل و حمل میشل نجار، وزیر خارجہ ناصیف حتی اور وزیر صحت حمد حسن بھی موجود تھے۔ لبنان کے وزیر صحت نے اس موقع پر ایرانی امداد کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ایک ایسے وقت میں بھی لبنان کے لئے یہ میڈیکل امداد بھیجنے میں کوتاہی نہیں کی جب وہ خود بھی کورونا کے خلاف بر سر پیکار ہے۔

اُدھر اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ لکے پیش نظر اس ملک کے لئے بھی بطور تحفہ میڈیکل ساز و سامان بھیجے ہیں۔ ہرات میں ایران کے قونصلر کے مطابق ایران نے افغانستان کی حکومت اور قوم کی انسان دوستانہ امداد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے صوبہ ہرات کی وزارت صحت کو دس ہزار ماسک بھیجے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ ہفتے افغانستان کے لئے پہلی امدادی کھیپ روانہ کی تھی جس میں پانچ ہزار ٹیسٹ کٹس بھی شامل تھیں۔ افغانستان کی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کر کے ایران کے انسان دوستانہ اقدام کی قدردانی کی ہے۔

ٹیگس